صوابی میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا کامیاب آپریشن، کالعدم لشکرِ جھنگوی کے دو دہشتگرد جہنم واصل

20 اکتوبر, 2025 20:12

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) مردان اور صوابی پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ٹوپی کے علاقے اجمیر شاہ پہاڑ میں مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیم لشکرِ جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کالعدم لشکرِ جھنگوی کے دو خطرناک دہشتگرد گرفتار، بھاری بارودی مواد برآمد

ہلاک دہشتگردوں کی شناخت نعمان عرف مانے ولد مکین شاہ اور عبدالباسط ولد تلاوت شاہ ساکن صوابی کے نام سے ہوئی ہے۔ تحقیقات کے مطابق دونوں دہشتگرد ڈرائیور کانسٹیبل زاہد اور کانسٹیبل جمال الدین کی شہادت سمیت قتل، اقدامِ قتل اور دہشتگردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ دیگر دو فرار دہشتگردوں کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی مردان ٹیم کو خصوصی شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سی ٹی ڈی اور خیبرپختونخوا پولیس صفِ اول کا کردار ادا کر رہی ہے۔

12:15 شام مارچ 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔