مقبوضہ فلسطین

مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملے جاری

صیہونیوں نے ایک بار پھر اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے۔
بیت المقدس میں اعلی اسلامی کمیٹی کے رکن جمیل حمامی نے القدس ٹی وی کے ساتھ گفتگو کے دوران مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملے کی مذمت کی ہے- جمیل حمامی کا کہنا تھا کہ صیہونیوں نے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے منگل کے دن اس مسجد میں داخل ہونے کے بعد دین اسلام کے خلاف نعرے لگائے۔ بیت المقدس میں اعلی اسلامی کمیٹی کے رکن جمیل حمامی نے مزید کہا کہ مسجد الاقصی سے عقیدت رکھنے والوں نے بھی اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہوئے ان کو صیہونی رسومات کی انجام دہی سے باز رکھا۔ جمیل حمامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مسجد الاقصی پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملے کئے جاتے ہیں کہا کہ یہ حملے بعض صیہونی وزیروں کی حمایت کے ساتھ انجام دیئے جاتے ہیں- واضح رہے کہ اسرائیلی فوجیوں اور صیہونیوں نے جمعے اور اتوار کے دن بھی مسجد الاقصی پر حملہ اور اس مسجد اور اس کے خادموں کی بے حرمتی کرتے ہوئے فلسطینی نمازیوں کے سامنے پیغمبر اکرم (ص) کی شان میں نازیبا الفاظ استعمال کئے تھے۔ فلسطین کی تحریک حماس نے منگل کے دن ایک بیان میں مغربی کنارے اور بیت المقدس کے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ نماز جمعہ کے بعد مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملوں کی مذمت میں نکالے جانے والے جلوسوں میں شرکت کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button