داعش نے مغوی افراد کے جسمانی اعضا بیچنے شروع کر دیئے
عراق کے صوبۂ دیالہ میں عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر جبار المعموری نے کہا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر صوبۂ صلاحالدین کے مختلف علاقوں کے دسیوں باشندوں کے جسمانی اعضا فروخت کرنے کے لئے ان کو موصل شہر کی جانب لے گئے ہیں- جبار المعموری کے مطابق داعش کے گرفتار ہونے والے ایک دہشت گرد کے اعترافات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ اس دہشت گرد گروہ نے جسمانی اعضا کی تجارت کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے جسمانی اعضا کی خرید و فروخت میں ملوث متعدد مافیا گروہ اس وقت موصل میں موجود ہیں- عراق کے صوبۂ دیالہ میں عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر جبار المعموری کا مزید کہنا تھا کہ موصل منتقل کئے جانے والے اکثر مغویوں کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں- اس سے قبل عراق کی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے شبعہ اطلاعات کے انچارج سعید مموزینی نے کہا تھا کہ دہشت گرد گروہ داعش نے موصل شہر میں انسانوں کے اعضا کی تجارت کے لئے ایک ہسپتال قائم کیا ہے- دوسری جانب عراق کے پولیس چیف رائد شاکر جودت نے پیر کے دن کہا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے تکریت میں دہشت گرد گروہ داعش کے تین عناصر کو ہلاک کر دیا ہے- ہلاک ہونے والوں میں چین سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی بھی شامل ہے-