لبنان

یمن کی مظلوم قوم کو علمائے اسلام کی بھرپور حمایت کی ضرورت ہےسید حسن نصراللہ

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ جہان اسلام کے علماء کو سعودی عرب کی جانب سے یمن کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے مناسب آگاہی ہونی چاہیئے، آج یمن کی مظلوم قوم کو علمائے اسلام کی بھرپور حمایت کی ضرورت ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا ہے سعودی عرب یمن کیخلاف وسیع پیمانے پر جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے، سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکمران ڈکٹیٹر اور ظالم ہیں جو یمن کے مظلوم عوام پر حملہ آور ہوئے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سعودی جرائم کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ اس کی دنیا میں کوئی مثال بھی موجود نہیں۔

اسلامی جمہوری ایران کے مقدس شہر قم کے علماء اور اساتذہ کے اجلاس کے لئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ یمنی قوم کو، جو جارح عرب ممالک کے محاصرے میں ہے، علمائے اسلام کی حمایت کی ضرورت ہے، تاکہ اس کی حریت پسندی کی آواز دنیا والوں تک پہنچ سکے۔ سید حسن نصراللہ نے اس پیغام میں یمن کے مظلوم عوام کی حمایت میں قم کی اعلٰی دینی درسگاہ کے علماء کی جانب سے اس نشست کو قابل قدر اقدام قرار دیا۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ یمن کے عوام بھی ان مسائل اور مشکلات سے دوچار ہیں، جن سے ایرانی عوام انقلاب اسلامی کے ابتدائی سالوں میں دوچار تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب یمن کے عوام کی خود مختاری کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے اور اپنے اس ہدف تک پہچنے کیلئے ان کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی حملے کر رہا ہے۔ سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت انقلاب اسلامی ایران کی بھی مخالف اور بظاہر اسلامی ہے، ان کا کہنا تھا کہ یمنی عوام اپنی خود مختاری کے حصول کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یمن کے عوام میں مضبوط ایمان اور مصصم ارادہ قابل مشاہدہ ہے۔

سید حسن نصراللہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ آزادی اور خود مختاری کے حصول کیلئے اپنی تحریک کے اس مرحلہ پر یمنی عوام کو سیاسی ڈپلومیسی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کی شرمناک جارحیت میں حیران کن بات یہ ہے کہ پوری دنیا میں یا تو اس جارحیت پر خاموشی ہے یا اس جنگ کی حمایت کی جا رہی ہے جبکہ اس کی مخالفت کرنے والے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کی یہ نشست یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم یمن کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی حمایت کرتے ہیں نیز یمن کے عوام کی مدد کے لئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کریں گے۔ سید حسن نصراللہ نے علماء و صلحاء کو یمن کے مظلوم عوام کی حمایت کیلئے تاکید کی اور ظالم حکومتوں کے خلاف کامیابی کے لئے اپنی مسئولیت بااحسن انداز میں ادا کرنے کی دعا کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button