دہشتگرد گروہوں کو ایرانی مسلح افواج کا منہ توڑ جواب
ایران کے زمینی افواج کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ دہشتگرد گروہوں کے جارحانہ اقدامات پر مسلح افواج انہیں منہ توڑ جواب دیں گی۔
بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پوردستان نے شہید جنرل صیاد شیرازی کی سولہویں برسی کی مناسبت سے صوبہ زنجان کے علاقے اسلام آباد میں ہونے والے ایک پروگرام میں اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج پوری طرح سے تیار ہیں اور عزم و ارادے کی مالک ہیں اور ان میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ ایران کی سرحدوں کے اطراف سرگرم دہشتگرد گروہوں کو منہ توڑ جواب دیں سکیں، خصوصا ان دہشتگردوں کو جو جنوب مشرقی ایران میں اپنی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران ایک پرعزم اور باصلاحیت ملک ہے اور اس کو ان دہشتگرد اور تکفیری گروہوں کی جانب سے کوئی اسٹریٹیجک اور فوجی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پوردستان نے بتایا کہ ایک دہشتگرد گروہ نے گذشتہ دنوں ایران کی سرحدوں کے قریب اندھادھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اس گھناؤنے اقدام کا یقینا جواب دیا جائے گا اور مستقبل قریب میں ایران کی سرحدوں کے قریب سرگرم عمل تکفیری دہشتگرد گروہوں کا صفایا کر دیا جائے گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے زمینی افواج کے کمانڈر نے کہا کہ ایرانی قوم کو اطمینان ہونا چاہیے کہ ایران کی مسلح افواج دشمنوں کی تمام کارروائیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور مسلح افواج میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ ہر قسم کے ممکنہ زمینی، فضائی اور بحری خطرے کا بھرپور جواب دے سکے۔