استنبول: داعش کی حمایت کے خلاف مظاہرے

ترکی کے شہر استنبول میں بعض اقلیتی گروہوں نے، انقرہ کی جانب سے داعش کی، حمایت بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، سریانی، آشوری اور کلدانی فرقوں کے سیکڑوں افراد نے ترکی کے شہر استنبول میں مظاہرہ کرکے، شام میں دہشت گردوں کی حمایت جاری رکھنے پر مبنی حکومتی پالیسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مظاہرین نے علاقے کے ملکوں خاص طور پر شام اور عراق کے عوام کے خلاف، دہشت گرد گروہ داعش اور دیگر دہشت گردوں کے سفاکانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اردوغان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی حمایت کی پالیسی کو فوری طور پر ترک کیا جائے۔ ترکی حکومت کے سابق وزیر مملکت افق سالماز نے، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور وزیر اعظم داؤد اوغلو کو شام، لیبیا اور عراق کی خونریزی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی کی موجودہ حکومت نے امریکی ایما پر شام کی حکومت کا تختہ الٹ کر وہاں ایک اسرائیل نواز حکومت کو اقتدار میں لانے کے مقصد سے نہ صرف شامی حکومت کے مخالفین کو مسلح کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے بلکہ غیر ملکی دہشت گردوں کو ٹریننگ دے کر شام بھیجے جانے میں بھی امریکہ اور مغربی ملکوں کی بھرپور معاونت کی ہے۔








