بعض علاقائی اور عالمی طاقتیں یمن پر اپنی مرضی کا بحران مسلط کرنا چاہتی ہیں، عبدالمالک الحوثی

شیعت نیوز:العالم ٹی وی چینل کے مطابق تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالمالک الحوثی نے یوم شہید کی مناسبت سے ایک تقریر میں کہا کہ جرائم پیشہ عناصر جو اسرائیل اور مغرب کی خدمت کر رہے ہیں ہمارے ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے یوم شہید کے پروگرام کو یمن کے عوام کی مظلومیت کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ یمن کے عوام ایسے منصوبے کی جو انصاف اور آزادی کا منادی ہے وسیع پیمانے پر حمایت کر رہے ہیں۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے خبردار کیا کہ تکفیری عناصر کو یمن اور پورے علاقے کے خلاف سازش کے لئے وجود میں لایا گیا ہے اور آج یمن تکفیری دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن، تکفیریوں کو یمن روانہ کرکے ان کی اسلحہ جاتی مدد کر رہے ہیں جس کے ذریعے وہ یمن میں تسلط جمانا چاہتے ہیں۔ عبدالمالک الحوثی نے یمن میں رونما ہونے والے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض علاقائی اور عالمی طاقتیں یمن پر اپنی مرضی کا بحران مسلط کرنے اور اسے جاری رکھنے کے درپے ہیں۔ تحریک انصاراللہ کے رہنما نے خلیج فارس تعاون کونسل کے ممبر ملکوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام کے سلسلے میں خلیج فارس تعاون کونسل کا موقف منصفانہ اور شفاف نہیں ہے۔








