پاکستان

تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جارہی ہے اور اس میں کوئی فیورٹ نہیں ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں عزت اور وقار کے ساتھ امن کا خواہاں ہے لیکن خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے برطانیہ میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے قومی ایکشن پلان ایک جامع منصوبہ ہے جس پر عملدرآمد کے لیے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نہ صرف کامیابی سے جاری ہے بلکہ اس میں مزید پیش رفت ہورہی ہے جبکہ آپریشن میں تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جارہی ہے اور اس میں کوئی فیورٹ نہیں ہے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں عزت اور وقار کے ساتھ امن کا خواہاں ہے لیکن خطے میں دیرپا امن واستحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، افغان حکومت سے بھی بہتر تعلقات اور استحکام کے لیے کام کررہے ہیں جبکہ دنیا کو بھی ہمارے ماحول کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ برطانیہ کے ساتھ سماجی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے جبکہ برطانیہ آپریشن ضرب عضب میں نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت آباد کاری کے لیے بھی تعاون کرے۔

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اپنے تین روزہ دورے پر برطانیہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت اہم برطانوی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button