پاکستان

اربعین حسینی کربلا میں دوکروڑ زائد افراد کی شرکت نے دہشتگردوں کو مایوس کردیا ہے

جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ نے کربلائے معلی میں اربعین حسینی کے مراسم میں مسلمانوں کی کروڑوں کی تعداد میں شرکت کو دہشتگرد گروہوں کے لئے، ٹھوس خطرہ قرار دیا ہے۔
مولانا ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے آج ارنا کے ساتھ گفتگو میں اس سال اربعین حسینی (ع) کے مراسم میں مسلمانوں کی دو کروڑ سے زیادہ شرکت کو امت اسلامیہ کی وحدت و طاقت کا عظیم مظہر قرار دیا اور کہا کہ کربلائے معلی میں امام عالی مقام کے عاشقوں کی اتنی بڑی تعداد کی موجودگی، اس بات کی آئینہ دار ہے کہ امت اسلامیہ، دہشتگردوں کی کسی بھی سازش سے مرعوب نہیں ہوگی۔
جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ اور معروف اہل سنّت عالم دین اور اسکالر مولانا ابوالخیر محمد زبیر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اہل بیت اطہار (ع) میں سے ہیں، کہا کہ امام عالی مقام کا مقصد و ہدف بھی، رسالت پیغمبر (ص) کی ذمہ داریوں کا تسلسل تھا، اور آپ (ع) نے امن و دوستی اور انسانوں کے درمیان وحدت کی ترویج کے لئے اقدامات انجام دیئے۔
پاکستان کی اس سیاسی و مذہبی شخصیت نے کہا کہ اس سال اربعین حسینی (ع) میں کروڑوں زائرین کی شرکت نے دہشتگرد گروہوں منجملہ داعش اور ان کے حامیوں کا یہ پیغام دیا ہے کہ وہ جان لیں کہ مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ نہیں کیا جاسکتا اور امت اسلامیہ، کسی بھی قیمت پر دہشتگردوں کے منصوبوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button