صیہونی حکومت کی جارحیت،نیتن یاہو کو حماس کا انتباہ

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ خالد مشعل نے مقبوضہ علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کو قرار دیا ہے۔انھوں نے جمعے کے روز اسکائی نیوز سے گفتگو میں صیہونی حکومت کی جارحیت پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارحانہ کاروائیوں سے حالات مزید بحرانی ہوں گے جس کے ذمہ دار صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ مسجد الاقصی میں انتہا پسند صیہونیوں کے داخلے کی حمایت کرکے نیتن یاہو، آگ سے کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کی انتفاضہ اور اسی طرح بڑھتی ہوئی جھڑپیں، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے حوالے سے پائی جانے والی مایوسی کا نتیجہ ہیں۔انھوں نے کہا صیہونی حکومت اگر اپنی جارحانہ خصلت سے باز نہیں آئی تو حالات اور زیادہ کشیدہ ہوتے جائیں گے۔خالد مشعل نے کہا کہ فلسطین میں قومی آشتی کے عمل کو کامیاب بنانے کیلئے کسی بھی طرح کی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔








