شیعوں کے خلاف ظالمانہ فیصلوں پر حریت پسند خاموش نہیں رہیں گے، آیت اللہ رمضانی
شیعیت نیوز : اہل بیت علیہم السلام عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی نے کویت، بحرین اور آل سعود کے زیر تسلط سعودی عرب میں شیعوں پر دباؤ اور ان کی توہین کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے عالمی برادری، علمائے اسلام اور مبلغین سے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دنیا کے حریت پسند ان ظالمانہ فیصلوں پر یقیناً مناسب موقف اختیار کریں گے۔
قم المقدسہ میں کویت کے ممتاز شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ حسین معتوق سے ملاقات میں انہوں نے ان کے علمی و روحانی مقام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ معتوق فقہ، اصول اور تفسیر کے استاد ہیں اور ان کا نقطۂ نظر ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی اور امت مسلمہ کے اتحاد پر مبنی رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بحرین میں دینی سرگرمیوں پر پابندیاں شریعت پر حملہ ہیں، آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم
آیت اللہ رمضانی نے کہا کہ کویت میں استعماری سوچ کی بنیاد پر ایسے فیصلے کیے جا رہے ہیں جو کسی قانونی، دینی، شرعی یا بین الاقوامی اصول سے مطابقت نہیں رکھتے، آیت اللہ معتوق اور متعدد شہریوں کی شہریت منسوخ کر کے انہیں سزائے موت سنانے کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی اور یہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے منافی ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دعویداروں سے ردعمل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان معاملات کو بین الاقوامی قانونی اداروں میں اٹھایا جائے تاکہ یہ فیصلے منسوخ ہوں، واضح رہے کہ رواں ہفتے کویت کی فوجداری عدالت نے آیت اللہ شیخ حسین معتوق اور دو دیگر افراد کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ اس سے قبل ان کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم بھی دیا جا چکا تھا۔






