ایران کے علاوہ کونسا ملک ہے جو عالمی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے بات کرتا ہے :مولانا زکی باقری
محرم الحرام کے آغاز سے ہی ملک بھر کی طرح شہر قائد کراچی میں بھی عزاداری سید الشہداء کا سلسلہ جاری ہے ۔بزم فاطمہ اور انجمن تبلیغ عزاء کے زیر اہتمام مرکزی امام بارگاہ جعفر طیارسوسائٹی ملیر کراچی میں منعقدہ عشرہ مجالس عزا سے مایہ ناز اسلامی اسکالر علامہ سید ذکی باقری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کے اصول چھوڑ کر لاکھ کلمہ پڑھتے رہنے سے کچھ نہیں ہونے والا، خمینی کی آواز کو پوری دنیا ملکر دبانا چاہتی تھی مگر خمینی کی قرآنی آواز دبنے والی کہاں تھی، پوری دنیا میں کوئی مسلمان ملک سوائے ایران کے ایسا نہیں ہے کہ جس کی کوئی نظیر نہیں ، پوری دنیا کی سازشوں کے باؤجود کوئی ایران کو دبا نہیں سکتا کیونکہ ایران قرآن اور ولایت کو اپنا منبع قرار دیتاہے۔دنیا میں ساٹھ(۶۰) سے زیادہ اسلامی ممالک ہیں مگر ایران کے علاوہ کونسا ملک ہے جو عالمی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے بات کرتا ہے کیونکہ قرآنی اصولوں پر چلنے والوں کے ہاتھ میں ایران کی قیادت ہے۔ استعمار اور اسلام کے عالموں دشمنوں نے قرآن اور کعبہ کے مقابلے میں داعش(آئی ایس ایس) نامی دہشت گردوں کو دنیا میں اسلام کا نورانی چہرہ داغدار کرنے کے لیے پیش کردیا ہے۔روٹی بوٹی کی نعمت نہیں رھبری کی نعمت کو سمجھئے، صرف روٹی ہی رزق نہیں، علم بھی رزق ہے، علم کے حصول کے لیے بھی اتنی محنت کرنی چاہئے جتنی روٹی کے حصول کے لیے کی جاتی ہے۔ شجاعت بھی رزق ہے، لہٰذا امن قائم کرنے کے لیے بہادری کے ساتھ میدان میں موجود رہنا ہوگا، کیونکہ طاقت کے لیے شجاعت کا ہونا ضروری ہے اور امن کے لیے طاقت کااستعمال بھی ضروری ہوجاتا ہے۔اسی طرح وحدت بھی رزق ہے، آج امت مسلمہ کو وحدت و تحاد سے جتنی کامیابیاں مل سکتی ہیں وہ نفرت اور جنگ و جدل سے نہیں حاصل ہو سکتیں، لہٰذا وحدت اور اتحاد کی قدر کو بھی جانئے۔سب نعمتیں چھوٹی ہیں لیکن ولایت بڑی نعمت ہے، چھوٹی چھوٹی نعمتیں ایک طرف غدیر(میں جس ولایت کا اعلان ہوا)مکمل نعمت ہے۔