ایران

خطیب جمعہ تہران، غدیر صالحین کی حکومت اور معاشرے کا منصوبہ

تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ کاظم صدیقی کی امامت میں ادا کی گئي۔ خطیب جمعہ تہران نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب میں عیدغدیر خم اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت علی النقی علیہ السلام کے روز ولادت باسعادت کی مناسبت سے تمام مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے عید غدیر کو اکمال دین کی عید اور عید ولایت و امامت کی عید قراردیا اور کہا اسی دن مولا علی علیہ السلام کو ولایت و امامت ملی تھی۔آیت اللہ کاظم صدیقی نے کہا کہ غدیر صالحین کی حکومت اور معاشرے کا منصوبہ ہے اور ایسا مدینہ فاضلہ جو انسان کو ظلمت و تاریکی، بتوں، طاغوتوں، شہوتوں اور پلیدیوں اور ناپاکیوں کی قیدسے رہائي دلاتا ہے اور انسانیت کے کمال پر پہنچادیتا ہے۔
انہوں نے تکفیری دہشتگرد گروہ کے خلاف مغربی اتحاد کی کارکردگي کی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے یہ اتحاد محض دا‏عش کے خلاف نہیں بنایا ہے بلکہ اس کا مقصد عراق وشام کی حکومتوں کو بھی کمزور کرنا ہے۔ آیت اللہ کاظم صدیقی نے کہاکہ امریکہ نے داعش کے خلاف اتحاد بناکر عالمی رائے عامہ کو فریب دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کا یہ اتحاد دہشتگرد گروہوں کے خلاف نہیں لڑرہا ہے بلکہ عراق و شام کی افواج کے خلاف لڑ رہا ہے اور علاقے میں نو فلائی زون قائم کرکے شام کی فضائيہ کو مفلوج کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گروہ امریکہ اور برطانیہ کی حمایت سے شام وعراق میں گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں اور اس طرح اسلام کو بدنام کررہے ہیں۔ آیت اللہ کاظم صدیقی نے کہا کہ امریکہ تکفیری دہشتگردوں کے سہارے اسلام کو بدنام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو امریکہ کی سازشوں کے خلاف متحد ہوکر قیام کرنا چاہیے اور اپنے اتحاد سے علاقے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو شکست دینا چاہیے۔ خطیب جمعہ تہران نے حاجیوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے پیغام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پیغام میں رہبرانقلاب اسلامی نے اتحاد کی ضرورت، تفرقے سے پرہیز اور مسئلہ حج پرتاکید کرتے ہوئے خالص اسلام محمدی کی وضاحت فرمائي ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button