بارود والوں کی سرکوبی کے لیے درود والے پاک فوج کے ساتھ ہیں، ثروت اعجاز قادری

19 جون, 2014 10:10

sarwet4سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سانحہ لاہور دہشتگردوں کیخلاف فوجی آپریشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ پنجاب حکومت میں موجود طالبان کے ساتھیوں کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ہضم نہیں ہو رہا۔ کالعدم تنظیموں کو خوش کرنے کیلئے منہاج القرآن پر چڑھائی کی گئی۔ آپریشن مکمل کیے بغیر حکومت کسی صورت پاک فوج کو واپس نہ بلائے۔ صوفیاء کے ماننے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ہر مسجد، مدرسے اور خانقاہ سے پاک فوج کے حق میں آواز اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غوری ٹاؤن میں جامعہ غوثیہ اکبریہ کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے سانحہ لاہور کو اینٹی طالبان قوتوں کیخلاف کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم روز اول سے کہہ رہے تھے کہ پنجاب حکومت میں دہشت گردوں کے سرپرست بیٹھے ہیں جو دہشت گردوں کو تحفظ اور محب وطن قوتوں کیخلاف کاروائیوں میں پیش پیش ہیں۔ منہاج القرآن پر چڑھائی کے انسانیت سوز واقعے نے بہت سے بہروپیوں کے چہروں سے نقاب اُٹھا دیے ہیں۔ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو دنیا بھر میں رسوا کر کے دم لیں گے۔ دہشتگردوں کیخلاف جاری فوجی آپریشن سے قوم کو کرائے کے قاتلوں اور موت کے سوداگروں سے نجات ملے گی۔ جہاد کے نام پر جاری فساد کو ختم ہونا ہوگا۔ ملکی اور غیر ملکی شدت پسندوں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

بارود والوں کی سرکوبی کے لیے درود والے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد میں شریک ہو جائیں۔ جے یو آئی اور جماعت اسلامی دہشت گردوں کی حمایت کر کے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ دہشت گردوں کی حمایتی جماعتوں، مدارس اور ملاوں کو بھی نکیل ڈالی جائے۔ اگر کسی نے فوجی آپریشن کیخلاف سیاست چمکانے کی کوشش کی تو قوم ان کا سوشل بائیکاٹ کرے گی۔ ثروت اعجاز قادری نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں غیر ملکی مداخلت روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور غیرملکی ایجنسیوں کے نیٹ ورک کا صفایا کیا جائے۔ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہیں جو کہ ہر صورت رکنے چاہئیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے اور وزیرستان کے علاوہ ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بھی کریک ڈاؤن کیا جائے۔ طالبان نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ہر محب وطن پاکستانی ملک بچانے کے اس جہاد میں شریک ہو جائے۔ اس موقع پر سربراہ تحریک صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، پیر محمد نقیب الرحمن آف عیدگاہ شریف، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن، مفتی محمد حنیف قریشی، مفتی لیاقت علی رضوی، علامہ محمد وسیم عباسی، صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی، علامہ محمد عارف چشتی و دیگر علماء ومشائخ نے بھی خطاب کیا۔

8:42 شام جون 29, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔