پاک ایران تعلقات موجودہ سطح پر ماضی میں کبھی نہیں رہے، محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات
پاک ایران تعلقات
شیعیت نیوز : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پیر کی شام پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، توانائی، سیاحت، سرمایہ کاری اور ثقافتی و سائنسی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر پزشکیان نے پاکستانی وزیر داخلہ کی جانب سے دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے مسلسل اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ امریکی اقدامات اور دباؤ کے نتیجے میں اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور روابط میں اضافہ ہوا ہے، جس کی واضح مثال پاک ایران وفود کی مسلسل ملاقاتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان خطے کے طاقتور ممالک ہیں اور بے پناہ انسانی و قدرتی وسائل رکھتے ہیں۔ مشترکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک اپنی بہت سی داخلی اور علاقائی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاک ایران تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، ایرانی و پاکستانی وزرائے داخلہ کی ملاقات
ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایرانی صدر کو دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ پاک ایران تعلقات اس وقت جس سطح پر ہیں، ماضی میں کبھی اس مقام تک نہیں پہنچے۔ محسن نقوی نے معیشت، تجارت، سیاست، ثقافت اور سائنس سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مسلسل آگے بڑھانے اور مزید مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔







