ایم ڈبلیو ایم مشہد اور قم کے دفاتر کا دورہ، حوزات کے طلاب ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایران کے زیارتی سفر کے دوران مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے شعبۂ مشہد مقدس اور شعبۂ قم کے دفاتر کا دورہ کیا اور ذمہ داران، علمائے کرام اور طلاب کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔ دفترِ مشہد مقدس (مؤسسہ شہید عارف الحسینی) آمد پر شعبے کے ذمہ دار حجت الاسلام عقیل حسین خان نے اراکین کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے طلاب کو علمی و دینی تعلیم پر توجہ دینے کی تاکید کی اور کہا کہ علمی ترقی ہی قوم و ملت کی مؤثر خدمت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حوزات علمیہ سے وابستہ طلاب ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہیں علم، تقویٰ اور اجتماعی شعور کے ساتھ قومی و تنظیمی امور میں بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ عصر حاضر کے تقاضوں اور معاشرتی مسائل سے آگاہی بھی انتہائی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: وحدت یوتھ پاکستان کا پہلا ڈویژنل یوتھ کونسل اجلاس، نئی کابینہ کی منظوری
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ قم المقدس کے دفتر کا بھی دورہ کیا، جہاں شعبۂ قم کے صدر حجت الاسلام ذیشان الحسینی اور دیگر ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایک اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں حجت الاسلام ذیشان الحسینی نے شعبۂ قم کی تعلیمی، تبلیغی اور تنظیمی سرگرمیوں کے علاوہ طلاب کے ساتھ رابطوں اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے شعبۂ قم اور مشہد مقدس کے ذمہ داران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران میں مقیم پاکستانی علماء و طلاب ملت کا اہم علمی و فکری سرمایہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے تنظیمی مراکز کو علماء، طلاب اور پاکستانی زائرین کے درمیان رابطے، رہنمائی اور خدمت کے مراکز کے طور پر مزید فعال بنایا جانا چاہیے۔







