نوجوان نسل کے مضبوط ہاتھ ایران کے مستقبل کی ضمانت ہیں، محمد باقر قالیباف
محمد باقر قالیباف
شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں میں پیدا ہونے والی نوجوان نسل کے مضبوط ہاتھ ایران کے مستقبل کی ضمانت بنیں گے۔ نئے تعلیمی سال اور ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز پر تہران کے ایک بوائز پرائمری اسکول کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان اپنے پاکیزہ دلوں، تخلیقی صلاحیتوں اور اساتذہ و والدین کی رہنمائی سے ملک کا شاندار مستقبل تعمیر کریں گے۔
قالیباف نے کہا کہ موجودہ طلبہ اس عظیم نسل کے وارث ہیں جس نے دفاع مقدس کے دوران اپنی آبادی کے تناسب سے سب سے زیادہ شہادتیں پیش کیں۔ انہوں نے میناب اور دیگر علاقوں کے اسکولوں پر دشمن کے حالیہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ہم جماعتوں نے جانوں کا نذرانہ اس لیے دیا تاکہ عزیز ایران باقی رہے۔ انہوں نے طلبہ کے ہاتھ میں موجود ایرانی پرچم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے قوم کی عزت، اقتدار اور شہداء کی بے شمار قربانیوں کی علامت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں ایرانی صدر کا خطاب، امریکہ اور اسرائیل پر کڑی تنقید، رہبر شہید کی تصویر جنرل اسمبلی میں بلند
اسپیکر پارلیمنٹ نے شہید امام خامنہ ای کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک عظیم استاد اور رہبر کی حیثیت سے ہمیں زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا؛ انہوں نے مجاہدانہ کوشش کی، بہادری سے عمل کیا اور خلوص کے ساتھ شہادت حاصل کر کے اعلیٰ علیین کی جانب روانہ ہوئے۔ قالیباف نے زور دیا کہ آج ہم سب شہید رہبر کے احسان مند ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ولی امر حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی پیروی کرتے ہوئے متحد اور یکجا ہو کر آگے بڑھیں۔







