پاک ایران تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، ایرانی و پاکستانی وزرائے داخلہ کی ملاقات

22 ستمبر, 2026 08:59

شیعیت نیوز : ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان تہران میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا کہ اس ملاقات کا بنیادی مقصد پاکستان کے گزشتہ دورے میں طے پانے والے معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں وسیع اور اچھے روابط قائم ہیں۔

ایرانی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہماری قلیل اور درمیانی مدت کی ترجیح دوطرفہ تجارت کا حجم 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لیے دونوں فعال سرحدی گزرگاہوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے اور روزانہ کم از کم 2 ہزار ٹرکوں کی آمدورفت یقینی بنانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچہ تیار ہونے پر کوہک میں ایک اور گزرگاہ کھولی جائے گی اور ریلوے نظام کو بھی ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ سامان بار بار منتقل کرنے کی زحمت ختم ہو۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں ایرانی عوام کے حقوق اور میناب اسکول کے شہداء کی حقانیت کا دفاع کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ

اسکندر مومنی نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ پاکستان میں ای سی او (ECO) کے رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کا اجلاس ہوگا جس میں وہ ایران کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ قریبی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تجارت کے ہدف میں کوئی رکاوٹ نہیں، ہم ہر ہفتے تین سے چار مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ کر کے مسائل اور رکاوٹوں کے حل کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران آکر انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ اپنے ہی دفتر میں موجود ہوں۔ انہوں نے بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ملاقات میں سرحدی تعاون سمیت وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے امن کے عمل کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسکندر مومنی کے دورہ اسلام آباد کے دوران دوطرفہ امور پر مزید پیش رفت ہوگی۔

9:46 صبح ستمبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔