ٹرانسپر ینسی انٹر نیشنل رپورٹ ، پاکستان کا نام شامل ہونا تشویشناک ہے ، شیعہ علما کونسل

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ٹرانسپرینسی انٹر نیشنل کی رپورٹ میں پاکستان کا نام شامل ہونا انتہائی تشویش کا باعث ہے
جس معاشرے میں ناانصافی ہو اس میں بدامنی ،کرپشن اور بے روز گاری عروج پر ہوتی ہے حکومت شہریوں کو سستاانصاف فراہم کرکے بدامنی، کرپشن اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹرانسپر ینسی انٹر نیشنل کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے ایک جانب بدامنی اور توانائی بحران نے عوام کا جینا محال کیا ہوا ہے دوسری جانب کرپشن ،بے روزگاری اور غربت بڑھ رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی بیماریاں اس معاشرے میں جنم لیتی ہیں جہاں انصاف ناپید ہوجاتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومتیں اگر صحیح معنوں میں سستا اور فوری انصاف فراہم کریں تو مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے حکومت کوچاہیے کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے فوری طورپر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔








