حکومت طالبان سے مذاکرات کے بجائے پولیس اسٹیشن لا کر انکی ٹھکائی کرے، رحمان ملک

شیعت نیوز (اسلام آباد) سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو اسٹیک ہولڈر کیسے بنایا جا سکتا ہے، انھوں نے کئی با رمعاہدے توڑے ہیں،اب وہ مذاکرات کے لئے جگہ مانگ رہے ہیں تو ان کے لئے بہتریں جگہ پولیس سٹیشن ہے جہاں ان کی ٹھکائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رحمان ملک نے سوال اٹھایا کہ طالبان کے پاس بھاری ہتھیار کہاں سے آئے، ڈرون حملے غیر اخلاقی ہیں تو طالبان کے حملے کون سے اخلاقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہیے جس سے پاکستان کی بدنامی ہو، امید ہے حکومت عوام کے اندیشے دور کرے گی۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت جس طرح کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے مذاکرات کے لیے بے چینی دکھا رہی ہے، اس پسے دہشتگردوں اور ان کے حمایتیوں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں، جس سے ریاست کی سالمیت پر انگشت نمائی ہو رہی ہے۔ رحمان ملک نے مزید کہا کہ حکومت طالبان ظالمان سے مذاکرات کرنے کے بجائے اسٹیشن لا کر ان کی ٹھکائی کرے۔







