پاکستان

سفاک و درندہ صفت عناصر نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ہی انسان کہلانے کے مستحق، علامہ ساجد نقوی

sajidnaqviشیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوہاٹ پولیس لائن کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرکے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنائیں اور عوام کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف سنجیدہ اقدامات کریں۔ ایس یو سی کے سربراہ نے کوہاٹ بم دھماکے میں 12 افراد کی جانوں کے ضیاع پر نہایت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ کو اب ختم ہو جانا چاہیے اور سفاک و درندہ صفت عناصر جس طرح سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں وہ نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ہی انسان کہلانے کے مستحق، ان کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔
علامہ ساجد علی نقوی نے صدر مملکت، وزیر اعظم، وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا فی الفور نوٹس لیں اور واقعے میں ملوث دہشت گروں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے اور واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالٰی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے آمین۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے دھماکہ میں خواتین سمیت متعدد افراد کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button