کراچی، شیعہ آبادی انچولی کے قریب دستی بموں سے بھری گاڑی پکڑی گئی
شہر قائد میں شیعہ علاقے انچولی سوسائٹی کے قریب دستی بموں سے بھری ہوئی ایک لاوارث گاڑی پکڑی گئی ہے۔ لاواث حالت میں ملنے والی گاڑی سے دس سے بارہ دستی بم برآمد ہوئے ہیں جسے بم ڈسپوزل کی ٹیم نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمن آباد تھانے کی حدود میں شیعہ اکثریتی علاقے انچولی سوسائٹی کے قریب ایک لاوارث نیلے رنگ کی گاڑی سوزوکی ایف ایکس نمبر AC4735 پکڑی گئی ہے جس کے اندر سے دس سے بارہ دستی بم برآمد ہوئے ہیں، جنہیں بم ڈسپوزبل اسکواڈ کے عملے نے پہنچ کر ناکارہ بنا دیا ہے۔ خدشہ یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دستی بموں کو آج دہشتگردی میں استعمال کیا جانا تھا۔ اطلاعات کے مطابق عزاداری کے جلوس کی گزرگاہ پر ایک مشکوک گاڑی کھڑی تھی، جس کی اطلاع لوگوں نے سمن آباد تھانے اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جب اس لاوارث گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے دس سے بارہ دستی بم برآمد ہوئے۔ گاڑی کو قبضے میں لینے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے ان دستی بموں کو ناکارہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی گاڑی کے مالک کو تلاش کیا جا رہا ہے، پولیس کے مطابق خدشہ ہے کہ ان دستی بموں کو کراچی میں دہشتگردی کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔