پاکستان

ایس یو سی پاکستان کے وفد کی رانا ثناءاللہ خان سے ملاقات، بیگناہ افراد کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار

suc rana sana ullahaشیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی قیادت میں اعلٰی سطحی وفد نے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان سے پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں ملاقات کی اور انہیں ملت جعفریہ کے خلاف صوبے بھر میں ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیا۔ وفد میں شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی، سینئر نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، نائب صدر سردار کاظم علی حیدری، ضلع لاہور کے صدر شمس عباس نقوی، توقیر حسین بابا، علی قاسمی، علی عمران علوی اور دیگر رہنما شامل تھے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کسی ایک فرقے یا مذہب کی نہیں، بلکہ صوبے بھر کے عوام کی ہے۔ چشتیاں اور راولپنڈی میں مساجد اور امام بارگاہوں کے ہونے والے نقصانات کے ازالے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں کسی جگہ روایتی جلوسوں اور مجالس عزا پر کوئی پابندی نہیں، کسی جگہ پولیس تنگ کر رہی ہے تو ان کے نوٹس میں لایا جائے۔ رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ ان کی طرف سے وزیر قانون ہونے کے حوالے سے جانبداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے گرفتار کئے گئے بے گناہ افراد کو رہا کر دیا جائے گا۔

شیعہ علماء کونسل کے وفد نے وزیر قانون کو راولپنڈی اور چشتیاں میں جلائے جانے والی مساجد، امام بارگاہوں اور نجی املاک کے نقصان کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں رپورٹ پیش کی اور مطالبہ کیا کہ مذہبی اور نجی املاک کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عارف واحدی نے کہا کہ وہ کلین چٹ نہیں دیتے، لیکن وزیر قانون کے بارے میں شک و شبہات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ رانا ثناءاللہ خاں اپنے کئے گئے وعدوں پر عمل کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button