پاکستان

پاکستان کو امریکی کالونی بنانیوالے حکمران قومی مجرم ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

hamidسنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اے پی سی بلا کر ڈرون حملوں پر متفقہ قومی پالیسی تیار کی جائے، ڈرون حملوں پر سیاست بازی قوم سے مذاق ہے، ڈرون اور خودکش حملوں کے خلاف پوری قوم متحد ہو جائے، ڈالرز منظور اور ڈرونز نامنظور کی پالیسی منافقانہ ہے، عالمی قوتوں نے پاکستان کو پراکسی وارز کا میدان بنا لیا ہے، طالبان کے حامی ملک کی سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبائے اسلام کے تحفظ پاکستان کنونشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کی صدارت اے ٹی آئی کے صدر اسد خان جدون نے کی۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا ڈالر نہ ملنے کا ڈر ہی ڈرون حملے بند نہیں ہونے دیتا، ریاست دشمن دہشتگردوں سے مذاکرات کی بھیک مانگنے والے حکمران پاکستان کا تحفظ نہیں کرسکتے، حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی چراگاہ بنا دیا ہے، پاکستان کو امریکی کالونی بنانے والے حکمران قومی مجرم ہیں، قوم امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لیے متحد ہو جائے۔ پاک سرزمین پر وائٹ ہاؤس کا حکم نہیں چلے گا۔ آئین کے باغی دہشتگردوں سے مذاکرات سے پہلے ان کے سروں کی قیمتیں ختم کی جائیں۔ عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدے سے ایران، امریکہ جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے اور پاک ایران گیس منصوبے پر امریکی دباؤ کم ہوگا۔ پاکستان میں ڈرون طیاروں کی تیاری حوصلہ افزا ہے۔ اس سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہوگا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ایران اور عالمی طاقتوں کا معاہدہ عالمی امن کی طرف اہم قدم ہے، ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور قرضے بڑھ گئے ہیں، حکومت کی معاشی پالیسیاں عوام دشمن ہیں، حکومت نے وزارت خارجہ دو بوڑھوں کے سپرد کر رکھی ہے، نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر جلد کیا جائے، ڈرون حملوں اور خودکش حملوں میں سے صرف ایک کی مذمت کرنے والے آدھا سچ بولتے ہیں۔ انجمن طلبائے اسلام کے مرکزی صدر اسد خان جدون نے کہا کہ طالبان کے حامی پچاس ہزار شہداء کے لواحقین کے جذبات کا خون کر رہے ہیں، سامراج کی تابعداری چھوڑنا ہوگی۔ انجمن طلبائے اسلام کے کارکنان ملکی سلامتی کے خلاف ہونے والی سازشوں کی مزاحمت کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button