پاکستان

شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت خفیہ اداروں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہےایم ڈبلیو ایم

mwmflagلیاری میں گزشتہ ایک ماہ میں نو شیعہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا،قمر اللہ دتہ کی ٹارگٹ کلنگ پیپلز امن کمیٹی پر سوالیہ نشان ہے ،شہر کراچی میں جاری متواتر شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت خفیہ اداروں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے ۔ایم ڈبلیو ایم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) لیاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کا گڑھ بن گیا ہے،لیاری میں گزشتہ ایک ماہ میں نو شیعہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، مشہور و معروف شخصیت قمر اللہ دتہ انجمن سفینہ نجات کے صدر وامام بارگاہ بارہ امام کے ٹرسٹی تھے ان کی ٹارگٹ کلنگ پر پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عذیر جان بلوچ وضاحت پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے میڈیا سیل انچارج آصف صفوی نے مشہور شخصیت قمر اللہ دتہ کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں جاری متواتر شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت خفیہ اداروں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ قمر اللہ دتہ جو گزشتہ رات سے لاپتہ تھے، بعض ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جونا مارکیٹ میں واقع بارہ امام بارگاہ کے ٹرسٹی ہونے کی حیثیت سے وہ گزشتہ دنوں تین باپ بیٹوں کی ٹارگٹ کلنگ کے موضوع پر عذیر جان بلوچ سے ملاقات کے لئے جارہے تھے، اس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے اور ان کی نعش آج صبح ملی ہیں ۔جو کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پیپلز امن کمیٹی پر سوالیہ نشان ہے ان کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز، وکیل، سرمایہ دار، شعراء، علماء ،مسجد وامام بارگاہوں کے ذمہ داران اور بااثر افراد کی ٹارگٹ کلنگ توہین رسالتؐ کے خلاف ہونے والے شیعہ سنی اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی امریکی سازش ہے۔ دہشت گرد ملک بھر میں انارکی پھیلا کر ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری، آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی اور گورنر و وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہر کراچی میں بڑھتی ہوئی شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیا جائے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے سرعام پھانسی دی جائے اور ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے افراد کے خانوادے کو معاوضہ ادا کیا جائے۔
دریں ا ثناء قمر اللہ دتہ کی نماز جنازہ امام بارگاہ بارہ امام میں ادا کی گئی نماز جنازہ علامہ عباس کمیلی کی اقتداء میں ادا ء کی گئی اور تدفین وادی حسین قبرستان میں کی گئی ۔جنازہ میں شہر کراچی کی مشہور سیاسی و مذہبی شخصیات سمیت دیگر افراد نے بھرپور شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button