لاہور میں یومِ شہادت حضرت علیؑ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد
شیعیت نیوز : لاہور میں یومِ شہادتِ حضرت علیؑ کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ مبارک حویلی سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔ مرکزی جلوس نمازِ مغرب سے قبل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کر رہے ہیں۔ عزادار کشمیری بازار میں سنہری مسجد کے باہر نمازِ ظہرین ادا کریں گے، نماز کے بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہو جائے گا۔
جلوس کی برآمدگی سے قبل مجلسِ عزا منعقد ہوئی جس میں حضرت علیؑ کے فضائل و مصائب بیان کیے گئے۔ جلوس کے روٹ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایلیٹ فورس کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹس نصب ہیں۔ جلوس کے روٹ پر 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ روٹ سے ملحقہ راستے خاردار تار لگا کر بند کر دیے گئے ہیں جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب یونیورسٹی میں آیت اللہ خامنہ ای کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس، ایران سے اظہارِ یکجہتی
جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بھی جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے جبکہ روٹ اور ملحقہ علاقوں میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کو جامع تلاشی کے بعد ہی جلوس میں شرکت کی اجازت دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔







