پاکستان

کراچی:کربلائے معلی دھماکوں میں امریکی و اسرائیلی ملوث،ایم ڈبلیو ایم کی احتجاجی ریلی

mwm_2کربلائے معلی میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،کربلائے معلی میں زائرین امام حسین علیہ السلام  پر ہونے والے بم دھماکوں میں عالمی استعمار امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل ملوث ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے رہنماؤں مولانا مرزا یوسف حسین،مولانا علی افضال ،مبشر حسین اور سلمان حسینی نے گذشتہ روز کربلائے معلیٰ میں عزاداران امام حسین  علیہ السلام پر ہونے والے دہشت  گردانہ حملوں کی مذمت میں نکالے گئے احتجاجی ماتمی جلوس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،احتجاجی ماتمی جلوس کا آغاز محفل شاہ خراسان سے معروف عالم دین علامہ سید جواد نقوی کی مجلس کے اختتام پر ہوا جو کہ مرکزی ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ علی رضا علیہ السلام  کے سامنے اختتام پذیر ہوا،احتجاجی ماتمی جلوس میں شریک سینکڑوں عاشقان کربلا ہاتھوں میں کربلا میں زائرین پر ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی کی مذمت پر مبنی بینرز ،پلے کارڈز اور یا حسین علیہ السلام کے سرخ پرچم اٹھائے ہوئے تھے ،شرکائے ماتمی جلوس اس عزم کا اعادہ کرتے ہؤے سینہ زنی اور نوحہ خوانی کر رہے تھے کہ دین مبین اسلام کی بقاء کی خاطر سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی سنت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کرتے رہیں گے مگر عشق حسین علیہ السلام کم نہ ہو گا۔
احتجاجی ماتمی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ کربلائے معلی میں ہونےوالی دہشت گردانہ کاروائیوں میں براہ راست عالمی استعمار امریکااور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل ملوث ہیں جو کہ امت مسلمہ میں انتشار پیدا کر کے اپنے ناپاک عزائم کو عراق میں نافذ کرنا چاہتے ہیں ،مقررین کاکہنا تھا کہ چودہ سو سال قبل بھی یذید وقت سے نبرد آزماء ہوتے ہوئے حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے شجر دین مبین اسلام کی اپنے پاکیزہ لہو سے آبیاری فرمائی تھی اور آج چودہ سو سال گذر جانے کے بعد بھی عاشقان امام حسین علیہ السلام  یذید وقت سے نبرد آزما ہیں اور شجر اسلام کی آبیاری کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں جس کا عملی نمونہ گذشتہ روز کربلائے معلی میں دھماکوں میں 50سے زائد عزاداروں کی شہادت اور سینکڑوں کے ذخمی ہونے سے سامنے آیا ہے ۔
اس موقع پر شرکائے احتجاجی ماتمی جلوس نے لبیک یا حسین علیہ السلام ،مردہ باد امریکا،اسرائیل نامنظور،شہادت سعادت اور ہے ہماری درس گاہ کربلا کربلا کے فلک شگاف نعرے بلند کئے جبکہ احتجاجی ماتمی جلوس کے اختتام پر امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button