مقبوضہ فلسطین

امریکا گستاخانہ فلم کی تیاری پر معذرت کرےاسماعیل ھنیہ

ismail haniyaفلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے امریکا میں دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر آنے والے پیغمبر اسلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی (نعوذ باللہ) پر مبنی فلم کی تیاری کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اربوں لوگوں کی دل آزاری کرنے والی اس فلم پر فوری معافی مانگے۔

اسماعیل ھنیہ نے مصری ڈاکٹرز یونین کی خیراتی کمیٹی کے وفد سے غزہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا انتظامیہ کو تمام امت مسلمہ سے فوری طور پر معافی مانگنا چاہیے۔ اسے یہ جان لینا چاہیے کہ اس طرح کی اوچھی حرکتوں سے عرب اور اسلامی دنیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نصرت کے لیے انقلابی تحریکیں شروع ہو جائیں گی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے مصری ڈاکٹرز یونین کی جانب سے اہل غزہ کو ادویات اور میڈیکل آلات کی فراہمی کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم اپنے مسلمہ حقوق کے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور اپنی آزادی کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی رہیگی۔

اس موقع پر مصری ڈاکٹر یونین کے وفد کے سربراہ خالد بن عبد العزیز نے غزہ آمد کو اپنے لیے باعث سعادت قرار دیا اور کہا کہ مسئلہ فلسطین ہر مصری شہری کے قلب و جان میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وفد غزہ آنے والا آخری وفد نہیں بلکہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی نصرت کے لیے آئندہ بھی مصری ڈاکٹرز کے وفود غزہ آتے رہینگے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button