حزب اللہ اپنے موقف پر اٹل
حزب اللہ لبنان نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی دھمکیوں کی وجہ سے حزب اللہ اپنے مواقف سے دستبردار نہیں ہوگی۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی مجلس عاملہ کے نائب سربراہ شیخ نبیل قاوؤق نے لبنان کو درپیش سیاسی و سکیورٹی چیلنجوں کے پیش نظر کہا ہے کہ تکفیری گروہ خوب جانتے ہیں کہ دہشتگردانہ اقدامات کے سبب حزب اللہ اپنے مواقف سے پیچھے نہیں ہٹے گي اور نہ ہی شام و لبنان میں پسپائي اختیار کرے گي۔ شیخ نبیل قاوؤق نے کہا کہ تکفیری دھڑے اور ان کے حامی جو لبنان میں تبدیلیاں لانے سے عاجز ہیں بوکھلا کر تخریبی کاروائياں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کے تمام گروہ اور قومیں تکفیری دہشتگردوں کی غیر انسانی کاروائيوں کی زد پر ہیں اور اس سے مقابلہ کرنا ایک قومی فریضہ ہے۔ ادھر لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے نمائندے محمد رعد نے کہا ہے کہ بقاع میں تکفیری دہشتگروں کے بچے کھچے افراد نے بم دھماکہ کیا تھا جو لبنان میں آکر چھپ گئے ہیں۔ انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف فوج اور پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تکفیری دہشتگرد لبنان میں فتنوں اور قتل وغارت کی آگ لگانا چاہتے ہیں لیکن لبنانی قوم اس کا ہرگز موقع نہیں دے گي۔ ادھر لبنان میں المردہ عیسائي پارٹی نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے ہتھیار ملت لبنان کی خود مختاری اور آزادی کی حمایت کے لئے ہیں۔ النشرہ کی رپورٹ کے مطابق المردۃ پارٹی کے سربراہ سلیمان فرنجیہ نے کہا ہے کہ علاقے کے بحرانوں میں استقامت کوہی کامیابی ملے گي ۔ انہوں نے کہا حزب اللہ لبنان کا ایک حصہ ہے اور اس کے ہتھیار لبنان کی آزادی اور خود مختاری کے دفاع کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نہایت طاقتور ہے اور امریکہ اس پر اپنے مطالبات مسلط نہيں کرسکتا۔ سلیمان فرنجیہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد شام کو نظر انداز کرکے کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ شام کے صدر بشار اسد اپنی فوج اور قوم پر ایمان رکھتے ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔ اس لبنانی سیاسی رہنما نے کہا کہ جو لوگ شام میں دہشتگردی پھیلا کر صیہونی حکومت کے مفادات کی راہ میں قدم بڑھا رہے ہیں وہ شام کو دور جاہلیت کی طرف پلٹانا چاہتے ہیں۔