سفرِ عشق اربعین حسینی، نجف سے کربلا تک؛ علماء کا پیغام اتحاد و وفا
علماء: اربعین بیداری امت اور ظلم کے خلاف قیام کا عظیم درس ہے

شیعیت نیوز: اربعین حسینی کے موقع پر دنیا سے لاکھوں عاشقانِ امام حسینؑ نجف اشرف سے کربلا تک پیدل سفر کر رہے ہیں، تاکہ امام وقت (عج) کو ان کے جد مظلومؑ کا پرسہ پیش کر سکیں۔ یہ قافلہ صرف ایک فاصلہ طے نہیں کر رہا بلکہ یہ ایمان، عشق، وفا اور اتحاد کا عظیم مظہر ہے۔
اس روحانی سفر میں شریک ہند و پاک کے علمائے کرام سے حوزہ نیوز کے نمائندے نے خصوصی گفتگو کی۔
مولانا بضاعت رضوی زیدپوری (ہندوستان، حوزہ علمیہ قم) نے کہا کہ اربعین حسینی امت مسلمہ کے لئے نہ صرف ایک عظیم یادگار ہے بلکہ علماء کی ذمہ داری ہے کہ اس پیغام کو دنیا تک پہنچائیں۔ اربعین، بیداری امت اور ظلم کے مقابل قیام کا درس دیتا ہے۔
مولانا سید ضامن جعفری (ہندوستان، نجف اشرف) نے کہا کہ اربعین حسینی صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ یہ عقیدہ، قربانی اور بصیرت کا عظیم درس ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے زائرین اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ امام حسینؑ کا پیغام سرحدوں سے بالاتر اور ہر دور میں زندہ ہے۔ اربعین ہمیں ظلم کے مقابل کھڑے ہونے اور حق کی راہ پر ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیتا ہے
یہ بھی پڑھیں : اربعین حسینی 1447ھ؛ 40 لاکھ سے زائد غیر ملکی زائرین کی کربلا آمد
مولانا اصغر مہدی (ممبئی،ہندوستان) نے کہا کہ زائرینِ کربلا دراصل وفاداری اور عشقِ اہل بیتؑ کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔ یہ لوگ اپنے وقت، مال اور جسمانی توانائی کو قربان کر کے دنیا کو وفا کا پیغام دیتے ہیں۔
مولانا قمر مہدی مہدوی (ہندوستان، فعال مبلغ) نے کہا کہ اربعین حسینی دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی اور اتحاد کا اعلان ہے۔ یہ وہ اجتماع ہے جو ظالم کے خلاف اور حق کی حمایت میں بلند ترین آواز ہے۔
مولانا علی شیر نقوی شاہ (کراچی، پاکستان) نے کہا کہ اربعین کا پیغام مظلوم کی حمایت اور امت میں اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ یہاں ہر نسل، زبان اور قوم کے لوگ ایک پرچم تلے جمع ہو جاتے ہیں۔
مولانا عامر رضوی بخآری (ہندوستان، حوزہ علمیہ نجف) نے کہا کہ علماء اربعین میں زائرین کی رہنمائی، خدمات اور دینی تربیت کے ذریعے ایک عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ موقع دین کی تبلیغ اور شعور بیدار کرنے کا سنہری وقت ہے۔