امریکہ اسرائیل کو ایندھن کی فراہمی بند کرے

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ اسرائيل کو ایندھن فراہم کرنا بند کردے۔ ریانووستی کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل میں اسلحہ جاتی امور کے ماہر برایان ووڈ نے کہا ہے کہ امریکہ صیہونی حکومت کو جنگي گاڑیوں اور طیاروں کے لئے ایندھن فراہم کررہا ہے جس سے صیہونی حکومت غزہ پرحملے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح امریکہ فلسطینیوں کا خون بہانے میں اسرائيل کے ساتھ شریک ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اس عہدیدار نے کہا کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ اسرائيل کے لئے ایندھن کی فراہمی فورا بند کردے اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے بارے میں تحقیقات کی حمایت کرے۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ نے صیہونی حکومت کے لئے دسیوں لاکھ ٹن تیل فراہم کیا ہے جسے وہ غزہ پر حملوں میں استعمال کررہی ہے۔ امریکہ کا تیل بردار جہاز بارہ اگست کو مقبوضہ فلسطین پہنچنے والا ہے۔ واضح رہے کہ غزہ پر صیہونی حکومت کی تازہ جارحیت میں ایک ہزار آٹھ سو ستر افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔








