دنیا

کشمیری عوام اپنے مطالبہ آزادی سے دستبردار نہیں ہونگے: آغٓا سید حسن

agha hasanجموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے کہا کہ کشمیری حریت پسند قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور بھارت اس خوش فہمی میں مبتلا نہ رہے کہ جبر و قہر کے حربوں سے حوصلہ ہار کر وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام اپنے مطالبہ آزادی سے دستبردار ہونگے۔
مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے حکومت ہند سے ایک بار پھر یہ مطالبہ دہرایا کہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کے باقیات اُن کے لواحقین کے حوالے کر کے حقوق انسانی سے متعلق عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔
آغا حسن نے وادی کشمیر میں ایک بار پھر عیسائی مشنری کی ناقابل قبول سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ارتدادی رحجانات کا قلع قمع کرنے کیلئے تمام دینی جماعتیں متحد و یک زبان ہیں اور مبینہ طور پر اب کی بار عیسائی مشنری نے جس علاقے کا انتخاب کیا ہے وہ شہر سرینگر کا ایک حساس علاقہ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ چند خارجی قوتیں وادی کشمیر میں مسلم اکثریتی کردار کو زک پہنچانے کی حد درجہ کوششیں کر رہی ہیں اور یہاں کی حکومت ان قوتوں کے ارادوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔
آغا حسن نے ریاستی انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان عناصر کو وادی میں اپنی سرگرمیوں کی کھلی چھوٹ دینے سے یہاں کا امن و امان درہم برہم ہو سکتا ہے، انہوں نے بحرین میں اکثریتی اور سعودی عرب میں اقلیتی فرقوں کی آوازوں کو کچلنے کی مذمت کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button