شام کے نہتے عوام کے قتل میں ترکی کا براہ راست کردار، صدر بشار اسد

شام کے صدر بشار اسد نے زور دے کر کہا ہے کہ شام کے نہتے عوام کے قتل میں ترکی کا براہ راست کردار ہے۔
اطلاعات کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے ایران کی خبر رساں ایجنسی نسیم سے بات چیت میں کہا کہ شام ترکی کے ساتھ گزشتہ نو ماہ کے کشیدہ تعلقات کو دیکھتے ہوئے اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ ترکی کے بعض حکمرانوں اور سیاستدانوں کی نادانی دونوں ملکوں کے تعلقات کو خراب کر دے کیونکہ شام ترکی کے عوام کے ساتھ اپنے تعلقات پر توجہ دیتا ہے۔ انہوں نے شام کے بعض علاقوں میں مسلح باغیوں کے اقدامات کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام کی فوج کسی مشکل کے بغیر ملک کے مختلف علاقوں میں داخل ہو رہی ہے اور مسلح گروہ اب تک شام کی فوج کو شکست دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کے خلاف علاقائی اور عالمی جنگ جاری ہے اور اسی بنا پر اس کا مقابلہ کرنے کے لیے مناسب موقع کی ضرورت ہے لیکن یہ کہا جا سکتا ہے کہ شام کی صورت حال پہلے سے بہتر ہے۔







