ایران سعودی عرب اور یمن کے درمیان مذاکرات شروع کرانے کو تیار ہے، بحرانوں کا فوجی حل نہیں، ایرانی وزیر خارجہ
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا ہے کہ خطے کے بحرانوں کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور تہران، سعودی عرب اور یمن کے درمیان مذاکرات شروع کرانے کے لیے مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی جارحیت کے جواب میں ریاض ایئرپورٹ پر یمنی حملہ، امریکی شہری سمیت 12 افراد ہلاک اور 309 زخمی
ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی طریقہ کار پر اصرار اور سیاسی حل کو نظر انداز کرنے سے موجودہ صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔
سید عباس عراقچی نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سعودی عرب اور یمن کے درمیان مذاکرات کے آغاز اور سیاسی حل کے حصول میں مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ یمن پر سعودی رجیم کی جارحیت اور فضائی محاصرے کے جواب میں یمنی مسلح افواج کی جانب سے سعودی عرب کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔







