عراق

عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کی کابینہ منظور

iraq kabinaالعالم ٹی وی رپورٹ کے مطابق عراق کی پارلیمان نے نامزد وزیراعظم ڈاکٹر حیدر العبادی کی جانب سے پیش کردہ کابینہ میں شامل تمام وزراء کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم حیدرالعبادی نے دفاع اور داخلہ کے وزراء کو ابھی

نامزد نہیں کیا ہے اور ان کی نامزدگی کے لیے پارلیمان سے مزید ایک ہفتے کا وقت طلب کیا ہے۔ ذرائع کاکہناہے کہ پارلیمان کے ایک سو ستتر ارکان نے وزیراعظم عبادی کی نامزدگی کی بھی منظوری دی ہے۔انھوں نے سابق وزیرخارجہ ہوشیار زیباری کو نائب وزیراعظم نامزد کیا ہے۔ عراقی وزیراعظم نے پارلیمان میں تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”میری حکومت کردستان کی علاقائی حکومت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کو طے کرے گی”۔قبل ازیں عراق کے کرد سیاست دانوں نے وزیراعظم حیدر العبادی کی سربراہی میں نئی حکومت میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔ ذرائع کامزیدکہناتھا کرد سیاست دانوں کی نئی عراقی حکومت میں شمولیت سے متعلق یہ اطلاع ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب ان کا وفد سلیمانیہ پہنچا تھا اور انھوں نے کردستان کی خود مختار علاقائی حکومت کے لیے بجٹ سمیت وفاقی حکومت کے ساتھ متنازعہ امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ عراق کے سبکدوش وزیر خارجہ اور اب نامزد نائب وزیراعظم ہوشیار زیباری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم آج واپس سلیمانیہ جارہے ہیں،جہاں کرد لیڈروں سے حکومت میں شمولیت اور اس میں کردوں کے حصے کے حوالے سے بات چیت ہوگی اور حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا”۔ حیدرالعبادی کو نئی حکومت کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آخری منٹ میں وزارتوں کی تقسیم کے معاملے پر ان کے اتحادیوں میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے جبکہ کرد بلاک قومی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے متردد تھا۔ڈاکٹر عبادی ملک کو مزید بحران سے بچانے کے لیے تمام مذہبی اور نسلی اقلیتوں کے نمائندوں کو نئی حکومت میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ تین نائب وزیراعظم ہوں گے۔ان میں ایک شیعہ ،ایک سنی اورایک کرد ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button