عراق: داعش دہشتگردوں میں 3300 ترک اور البانوی باشندے شامل

عراق میں داعش کی دہشتگردانہ کاروائیوں میں تین سو البانوی دہشتگرد بھی شامل ہیں۔ البانوی ریڈیو نے انتہاپسندی کے موضوع پر تحقیقات کے لئے لندن میں قائم ریسرچ اسٹڈیز سینٹر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراق کے شہرموصل میں کوسوو، مقدونیہ اور البانیہ کے تین سو شہری بھی داعش کےساتھ مل کرعراقی عواما کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ اس رپورٹ کےمطابق تین سو دہشتگردوں پرمبنی اس البانوی گروہ کولاودریم مہاجری نامی شخص کنٹرول کرتاہے۔ دوسری طرف ترکی کی وزارت داخلہ نے داعش دہشتگرد گروہ میں تین ہزار ترک شہریوں کی رکنیت کے بارے میں کئے جانے والے دعوؤں کومسترد کردیا ہے۔ ترکی کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اس طرح کے دعوؤں میں کوئی سچائی نہيں ہے۔ جبکہ ترک حکومت کے مخالفین اور اپوزیشن کا کہنا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ ترکی حکومت کی حمایتوں سے پروان چڑھا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران شام میں پیدا ہونے والے بحران کے بعد سے ترکی کی مختلف سیاسی جماعتیں اردوغان حکومت پر دسیوں بار شام میں القاعدہ ، النصرہ اور داعش جیسے دہشتگرد گروہوں کی حمایت کا الزام لگاچکی ہیں۔








