کربلائے معلی: چہلم امام حسین علیہ السلام! ایک کروڑ ساٹھ لاکھ عزادار وں کا اجتماع

عراق کے شہر کربلائے معلی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ایک کروڑ ساٹھ لاکھ عزاداران امام حسین علیہ السلام پہنچ چکے ہیں۔شیعت نیوز مانیٹرنگ ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے خطرات کے باوجود دنیا بھر سے کروڑوں عاشقان امام حسین علیہ السلام چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر مراسم عزاداری کے لئے کربلا پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام حسین علیہ السلام عراق کے مختلف شہروں سے کئی دنوں کی مسافت پیدل طے کرتے ہوئے کربلا معلی پہنچ رہے ہیں جہاں پر وہ پیغمبر اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے مراسم عزاداری کریں گے اور پیغمبر اکرم (ص) اور جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کو پرسہ پیش کریں گے۔
عراق کی صوبائی کونسل کے ایک ذمہ دار نے نسیم جاسم الخطابی کاکہنا ہے کہ اس وقت کربلائے معلی میں لاکھوں کی تعداد مین زائرین امام حسین علیہ السلام پہنچ چکے ہیں جبکہ توقع ہے کہ آج شب تک ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد عزاداران امام حسین علیہ السلام کربلائے معلی میں پہنچ چکے ہوں گے۔
نسیم جاسم الخطابی کے مطابق اس سال چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر پچھلے سالوں کی نسبت بہت زیادہ تعداد پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب عراقی حکام نے بتایا ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام پر دنیا بھر سے آنے والے زائرین امام حسین علیہ السلام کے لئے بہترین انتظامات کر دئیے گئے ہیں ۔عراقی حکام کاکہنا ہے کہ تقریباً پینسٹھ لاکھ زائرین امام حسین علیہ السلام مسلم اور عرب ممالک سے کربلائے معلی پہنچیں گے ۔
عراقی حکام نے بتایا ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کرنے کے لئے نزدیکی ممالک اور اندرون ملک سے تین ہفتے قبل ہی پیدل قافلے روانہ ہو ئے تھے جو آج شب اربعین امام حسین علیہ السلام کربلائے معلی میں داخل ہوناشروع ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کربلائے معلی کی طرف آنے والے پیدل قافلوں کو ناصبی تکفیری دہشت گردوں نے حملوں کا نشانہ بنایا تھا جس کے سبب متعدد زائرین امام حسین علیہ السلام شہید ہوئے تھے،تاہم عزاداران امام حسین علیہ السلام تمام تر خطرات اور دہشت گردانہ کاروائیوں کے خطروں کے باوجود کربلائے معلی کی طرف جا رہے ہیں۔اور آج رات گئے تک ایک کروڑ سے زائد عزاداران امام حسین علیہ السلام کربلائے معلی میں موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز بھی عراق میں دہشت گردانہ حملوں میں 23عزاداران امام حسین علیہ السلام شہید ہوئے تھے جبکہ80سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
گذشتہ سال عراقی پولیس حکام نے 35000پولیس اہلکاروں کو کربلائے معلی کے اطراف میں تعینات کیا تھا تا کہ کربلائے معلی آنے والے زائرین امام حسین علیہ السلام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔








