رہائی پانے والے چار ایرانی سرحدی محافظ اپنے گھروں کو پہنچ گئے
اسلامی جمہوری ایران کے چار سرحدی محافظ جنہیں سیستان و بلوچستان کے علاقے سے اغوا کر لیا گیا تھا، رہائی پانے کے پاس اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ ان محافظوں کو دو ماہ قبل جیش العدل نامی دہشتگرد گروہ نے اغوا کر لیا تھا۔ ایرانی اعلیٰ حکام کے مطابق وہ پانچویں مغوی محافظ کی لاش بازیاب کرانے کی کوشش میں ہیں۔ ایرانی حکومت نے کچھ عرصہ قبل اسلام آباد کو خبردار کیا تھا کہ اگر مغوی محافظوں کی رہائی کیلئے حکومتِ پاکستان نے کچھ نہ کیا تو پھر ایرانی سکیورٹی فورسز پاکستان کی سرحد کے اندر کارروائی کریں گی۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے سرحدی محافظین کی رہائی کا خیرمقدم کیا ہے۔ حسن روحانی سے منسوب کی جانے والی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہمارے چار ہیرو بالآخر گھر پہنچ گئے ہیں، لیکن ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک باقی مغوی بھی ایران کی سرزمین پر واپس نہیں پہنچ جاتے۔ حسن روحانی نے تہران پہنچنے والے اہلکاروں کو دہشت گردوں کے چنگل سے بچ نکلنے پر مبارکباد پیش کی۔ ادھر ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک ٹویٹ میں ایرانی سرحدی محافظوں کی رہائی اور تہران پہنچنے کی تصدیق کی۔