ایران افریقی ممالک کی ترقی و پیشرفت اور ان کے اتحاد کا خیرمقدم کرتا ہے آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

برونڈی کے صدر نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فرمایا کہ ایران افریقی ممالک کی ترقی و پیشرفت اور ان کے اتحاد کا خیرمقدم کرتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے برونڈی کے صدر اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں افریقی ملکوں کی دولت کو لوٹنے اور ان ملکوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کے سلسلے میں بعض یورپی ملکوں اور امریکہ کے مخاصمانہ اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ برونڈی سمیت افریقہ کا مستقبل بہت بہتر اور ترقی و پیشرفت سے معمور ہو گا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ایران اور برونڈی کے تعلقات میں فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ افریقی یونین تمام افریقی ملکوں کے لیے قوت و طاقت کا ایک مرکز بن سکتی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران اس یونین میں زیادہ سے زیادہ یکجہتی کی حمایت کرتا ہے۔
برونڈی کے صدر نے ایران اور برونڈی کے اٹھائیس سالہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورۂ تہران کا مقصد دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ کے عمل میں تیزی لانا ہے۔
برونڈی کے صدر نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر بھی حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
واضح رہے کہ برونڈی کے صدر ایک وفد کے ہمراہ منگل کے روز دو روزہ دورے پر تہران پہنچے تھے۔ اور آج وہ اپنا دورہ مکمل کر کے برونڈی واپس ہو گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے انہیں سرکاری
طور پر رخصت کیا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران ایران کے ساتھ تعاون کے آٹھ
سمجھوتوں پر دستخط کیے۔








