بڑی طاقتیں عالمی اداروں پر قابض ہیں صدر ڈاکٹر احمدی نژاد

اسلامی جمہو ریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا ہےکہ عالمی سطح پر آنے والی تبدیلیوں سے لگتا ہےکہ دنیا منصفانہ نظام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے چین کے فونیکس ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ عالمی نظام کی خامیوں سے اھل عالم کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے اور اس دنیا پر حاکم موجودہ نظام غیر منصفانہ ہے اور قوموں کی ترقی اور حقوق کے حصول کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اس وقت ممکن ہوسکتی ہے جب تمام قومیں عالمی نظام کی ا صلاح کے لئے مل کر کوشش کریں۔ صدر جناب احمدی نژاد نے ایران کے ایٹمی معاملے کے بارے میں کہا کہ اپنی ایٹمی معاملے کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف پوری طرح سے واضح ہے اور ایران کی ایٹمی سرگرمیاں ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کی نگرانی میں جاری ہیں اور جو بھی کام یہاں انجام دیا جارہا ہے وہ آئي اے ای اے کے کیمروں میں ریکارڈ ہورہا ہے تاہم بنیادی مسئلہ ایران کے تعلق سے بڑی طاقتوں کا رویہ ہے جو کہ عالمی اداروں پر قابض ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا کہ مغربی ملکوں کی جانب سے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی مخالفت سیاسی اھداف پر مبنی ہے اور دراصل یہ مخالفت خود مختار قوموں کی ترقی کی مخالفت ہے ورنہ خود ان ہی مغربی ملکوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے پہلے جب ایران پر ڈکٹیٹر حکومت قابض تھی اس کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کررکھے تھے اور چھے ایٹمی معاہدے کئے تھے اوراسے ایٹمی بجلی گھر اور ایٹمی مواد بھی دے رکھا تھا۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ مستکبرین کبھی بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی مخالفت کی بنیادی وجوہات کو واضح نہیں کریں گے ۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے ایٹمی حقوق کے اثبات کے لئے مذاکرات اور کوششیں جاری رکھے گا اور تعمیری تجویزیں دے کر اپنے ایٹمی حقوق کو ثابت کرنے کی سعی جاری رکھے گا








