مجلس وحدت مسلمین کا سیاسی سفر اور ایوانِ بالا میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا پارلیمانی کردار

25 نومبر, 2026 08:18

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنے قومی و ملی حقوق کے حصول کے لیے باقاعدہ طور پر اپریل 2010ء میں میدانِ سیاست میں قدم رکھا، جس کے بعد متعدد کامیاب عوامی تحریکوں اور جدوجہد کا آغاز کیا گیا۔ جماعت نے کوئٹہ کے مظلوم عوام کے حق میں تین مرتبہ جبکہ پاراچنار اور مستونگ کے مسائل پر تین مرتبہ ملک گیر دھرنے دے کر عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات منوانے میں کامیابی حاصل کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شدید مخالفت کے باوجود قریبی رفقاء کی مشاورت اور ساتھ سے عملی سیاست میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا، جو جماعت کی سیاسی جدوجہد کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ اسی سفر کے دوران تاریخ میں پہلی مرتبہ بلوچستان سے ایک شیعہ جماعت کے انتخابی ٹکٹ پر رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوا اور چاروں صوبوں میں جماعت نے انتخابی سیاست میں اپنی موجودگی اور اثرورسوخ منوایا۔

2024ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی معاہدے کے تحت طے پانے والے فیصلوں میں سینیٹ کی ایک نشست بھی شامل تھی۔ اگرچہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری خود سینیٹر بننے کے لیے تیار نہ تھے اور دیگر نام بھی زیرِ غور تھے، تاہم جماعت کے رہنماؤں کے متفقہ اصرار اور بعدازاں عمران خان اور ان کی بہنوں کی ہدایت پر ان کے قریبی رفقاء نے بڑی مشکل سے انہیں کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے پر آمادہ کیا۔ سینیٹ میں آمد کے بعد انہوں نے اپنے وسیع علمی مطالعے—جس میں قرآن و حدیث کے ساتھ جنرل اسٹڈیز، انگریزی کتب، عالمی سیاست اور واشنگٹن پوسٹ سمیت بین الاقوامی اخبارات کا روزانہ مطالعہ شامل ہے—اور بے باک گفتگو کے ذریعے بہت جلد اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ اگرچہ یہ ان کا پہلا پارلیمانی تجربہ تھا، تاہم انہوں نے ثابت کیا کہ مؤثر پارلیمانی کردار کے لیے علم، دلیل اور قومی شعور بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ میں اپنی ہر تقریر میں عمران خان کی رہائی، ان کی صحت اور دیگر متعلقہ معاملات کے ساتھ ساتھ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور جدوجہد کی۔ عالمی و علاقائی امور پر انہوں نے مسلم ممالک کے اتحاد اور پاکستان کے برادر اسلامی ممالک بشمول سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوستانہ و مضبوط تعلقات کی حمایت کی، جبکہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت اور غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف قرآن و حدیث کی روشنی میں دوٹوک آواز بلند کی۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأتِ قرآن کا آغاز، عراق سمیت 32 ممالک کے ممتاز قرّاء شریک

قومی معاملات پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مصلحت یا دباؤ کے بجائے اصولی مؤقف اختیار کرتے ہوئے آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خود مختاری، جمہوری آزادیوں، انسانی حقوق، سیاسی کارکنوں کے تحفظ، لاپتا افراد کی بازیابی، مہنگائی اور معاشی بدحالی پر مدلل گفتگو کی۔ پاراچنار کے عوام کو درپیش محاصرے، راستوں کی بندش اور انسانی بحران پر بھی وہ ایوانِ بالا میں مسلسل آواز اٹھاتے رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سینیٹ کی انسانی حقوق، مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، خزانہ، پٹرولیم، سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت اہم قائمہ کمیٹیوں میں بھی فعال کردار ادا کیا۔

جنوری 2026ء میں 22 ارکان کی حمایت سے سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف منتخب ہونا ان کی سیاسی و پارلیمانی جدوجہد کا ایک اہم تاریخی سنگِ میل قرار پایا، جو مختلف سیاسی جماعتوں کے ان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ قائدِ حزبِ اختلاف کی حیثیت سے اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی اور سیاسی اختلافات کو دشمنی کے بجائے جمہوری انداز میں حل کرنے پر زور دیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق مذاکراتی عمل میں قائدانہ و اصولی کردار ادا کیا اور گورنر راج کے خلاف بھی تسلسل اور جرأت کے ساتھ مؤقف اختیار کیا۔

8:34 صبح نومبر 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔