سیہون کے قدیمی علم پاک کے خلاف سازش ہرگز قبول نہیں کی جائے گی، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے قدیمی علم پاک، محراب پر تحریر مقدس اسمائے گرامی اور تبرکات کے خلاف کوئی سازش قبول نہیں کی جائے گی اور مقدسات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بات سیہون شریف میں درگاہ پر حاضری اور قدیمی علم پاک کی زیارت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ درگاہ کا تقریباً 300 سالہ قدیمی علم پاک اس تاریخی درگاہ کی پہچان اور روحانی عظمت کی علامت ہے، جبکہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ پنجتن پاک کے عاشق، مولا علیؑ کے چاہنے والے اور امام حسینؑ کے عزادار تھے۔ انہوں نے کہا کہ قدیم محراب کو ہٹانے اور وی آئی پی گیٹ کے نام پر پنجتن پاک، اہل بیت اطہارؑ کے اسمائے گرامی اور کلمہ طیبہ پر مشتمل تاریخی تحریروں کو ختم کرنے کی مبینہ کوششیں انتہائی تشویشناک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی کے عزاداروں پر مقدمات کیخلاف انجمن امامیہ بلتستان کا اظہار یکجہتی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قدیمی علم پاک کے گیٹ سے عزاداری کے جلوس، تعزیے اور ذوالجناح گزرتے ہیں، تاہم اس راستے میں گڑھے کھود کر تعمیرات شروع کر دی گئی ہیں، جس سے عزاداری کے روایتی راستے میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر اوقاف و مذہبی امور اور محکمہ اوقاف کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ ملت جعفریہ کے نمائندوں کے ساتھ فوری اجلاس بلا کر ان کے تحفظات دور کیے جائیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مقدس تبرکات، قدیمی علم پاک اور اسمائے گرامی کے تحفظ کے لیے 20 دسمبر بروز اتوار سیہون شریف میں سندھ سطح کا عظیم الشان احتجاجی اجتماع منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ بھر کے عوام، علمائے کرام، مشائخ عظام، ماتمی انجمنوں اور عزاداروں سے اس اجتماع میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔







