انور علی آخونزادہ کی ملی خدمات ناقابل فراموش ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی

23 نومبر, 2026 15:48

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملی پلیٹ فارم کے بانی رکن اور سیکرٹری جنرل سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ کی دسویں اور سیکرٹری جنرل شہید انور علی آخونزادہ کی چھبیسویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملی پلیٹ فارم کی تاسیس و تشکیل میں سید وزارت نقوی کا کردار بنیادی اور کلیدی رہا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سید وزارت نقوی نہ صرف تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما اور گولڈ میڈلسٹ کی حیثیت سے جانے جاتے تھے بلکہ ممتاز قانون دان، سیاسی و سماجی شخصیت اور مذہبی رواداری کے علمبردار کے طور پر بھی معروف تھے اور ہر مکتب فکر میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ مرحوم نے علامہ مفتی جعفر حسین اور شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کے ادوار میں اور ان کے بعد علامہ سید ساجد علی نقوی کے ہمراہ بھی اپنی ملی و قومی ذمہ داریاں انجام دیں۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ سید ساجد علی نقوی سے مختلف علاقوں سے آئے وفود کی ملاقاتیں

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ شہید انور علی آخونزادہ جیسے معتدل مزاج، مخلص اور محب وطن رہنما کی شہادت ایک بہت بڑا سانحہ تھا، جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے اور ارض پاک کی داخلی سلامتی اور وحدت کی خاطر کئی دہائیوں سے جانوں کے نذرانے پیش کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ان رہنماؤں کے قدردان وطن عزیز میں وحدت و استحکام، محروم و مظلوم طبقات کے مسائل کے حل، انتہا پسندی کے خاتمے، طبقاتی تقسیم، بدعنوانی اور معاشرتی مسائل کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے مرحومین کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلامیان پاکستان کو اتحاد و وحدت کی جس قدر ضرورت ہے، اس سے پہلے کبھی نہ تھی، کیونکہ ملک کی موجودہ داخلی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

4:05 شام نومبر 23, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔