سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود اچکزئی کا اعلیٰ عدلیہ کو خط

23 نومبر, 2026 15:40

شیعیت نیوز : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام ایک اہم مشترکہ خط ارسال کیا ہے، جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ عمران خان کی زندگی، صحت، عزت و وقار اور بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری عدالتی مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026ء کو عمران خان کے علاج اور طبی معائنے کے حوالے سے واضح احکامات جاری کیے تھے، جن میں انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے، ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور ذاتی معالجین کو علاج میں شامل رکھنے کا حکم شامل تھا، تاہم ان احکامات پر تاحال مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ دونوں رہنماؤں نے عمران خان کی بینائی، بلڈ پریشر اور طویل تنہائی سے متعلق سنگین خدشات کا بھی ذکر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی صحت پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی تشویش

دونوں قائدین نے خط میں عدالتوں سے آٹھ اہم مطالبات کیے ہیں، جن میں عمران خان کو 24 گھنٹوں کے اندر ہسپتال منتقل کرنا، ماہرین پر مشتمل مستقل میڈیکل بورڈ کی فوری تشکیل، مکمل طبی ریکارڈ اہل خانہ اور وکلاء کو فراہم کرنا، تنہائی میں رکھنے کا سلسلہ ختم کرنا، بشریٰ عمران خان کو امراض چشم کے خصوصی ہسپتال منتقل کرنا اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے کمیشن کا تقرر شامل ہے۔ خط میں آئین کے آرٹیکل 4، 9، 10 اے، 14 اور 25 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہر شہری کی زندگی، صحت اور انسانی وقار کا تحفظ ریاست اور عدلیہ کی آئینی ذمہ داری ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خط کی نقول اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ خط کے اختتام پر چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے آئینی دائرہ اختیار میں فوری کارروائی کرتے ہوئے حکم امتناعی یا ضروری ہدایات جاری کریں، کیونکہ کسی انسانی جان کو لاحق خطرے کے ازالے کے لیے بروقت اقدام ناگزیر ہے۔

3:55 شام نومبر 23, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔