بیرسٹر گوہر کی سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات
شیعیت نیوز : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کے قائد حزب اختلاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : بیرسٹر گوہر کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات، سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ پر مشاورت
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے آج ہی سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام مشترکہ خط ارسال کیا ہے، جس میں عمران خان اور بشریٰ عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری عدالتی مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مطابق دونوں قائدین حزب اختلاف کل منگل کو صبح 11 بجے لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، آزادانہ و منصفانہ انتخابات اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر مبنی کم از کم قومی ایجنڈے پر تمام فریقوں سے بات چیت کی آمادگی کا اظہار کر چکے ہیں۔







