آیت اللہ وحید خراسانی کی رحلت ایک علمی دور کا اختتام ہے، انجمنِ معرفتِ ذکر آل محمد کا تعزیتی بیان
آیت اللہ وحید خراسانی
شیعیت نیوز : انجمنِ معرفتِ ذکر آل محمد علیہم السلام (مشہد مقدس) نے مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین، اہل علم اور عالمِ تشیع سے تعزیت کی ہے۔ مولانا مقداد علی علوی کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ آپ کی رحلت سے ایک عظیم فقیہ، متقی مرجع اور بے شمار طلباء کے مربی کا فقدان ہوا ہے۔ بیان کے مطابق سات دہائیوں تک فقہ و اصول کی تدریس اور علمی جدوجہد میں مصروف رہنے والے اس ممتاز مرجع کا انتقال نہ صرف حوزہ ہائے علمیہ بلکہ پوری اسلامی دنیا کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت سے عالمِ تشیع عظیم علمی و روحانی سرمائے سے محروم ہو گیا، علامہ عارف واحدی
بیان میں مرحوم کی علمی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ نیشاپور اور مشہد سے دینی تعلیم کا آغاز کرنے والے آیت اللہ وحید خراسانی نے نجف اشرف میں آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئی، سید عبدالہادی شیرازی اور سید محسن حکیم جیسے عظیم مراجع سے کسبِ فیض کیا۔ تقریباً بارہ سال نجف میں تدریس کے بعد آپ 1970 میں قم منتقل ہوئے، جہاں گہرے استدلال اور فقہی تحقیق کے باعث "اصول میں وحید” کی شہرت حاصل کی۔ علمی خدمات کے علاوہ آپ نے دینی شعائر کے احیاء، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا (س) اور امام جعفر صادق (ع) کے ایامِ شہادت کے انعقاد اور یتیموں کی پرورش و سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انجمن نے قم و نجف کے حوزہ ہائے علمیہ کی جانب سے دروس کی معطلی اور ایران کے صدر، سپاہ پاسداران اور نگہبان کونسل کے تعزیتی پیغامات کو آپ کے وسیع علمی اثر و رسوخ کا مظہر قرار دیا۔ بیان کے اختتام پر مرحوم کی تمام خدمات کی قبولیت، درجات کی بلندی اور شفاعتِ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے لیے دعا کی گئی۔







