آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت سے عالمِ تشیع عظیم علمی و روحانی سرمائے سے محروم ہو گیا، علامہ عارف واحدی
شیعیت نیوز : مرکزی نائب صدر شیعہ علما کونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی نے جہانِ تشیع کی عظیم علمی و روحانی شخصیت اور مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، عالمِ اسلام، حوزاتِ علمیہ، مراجعِ عظام، علمائے کرام اور مرحوم کے خانوادے و عقیدت مندوں سے دلی تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانی نے اپنی پوری زندگی اخلاص اور استقامت کے ساتھ مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات، معارف اور سیرت کی ترویج کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ وحید خراسانی حوزہ علمیہ میں فقہ و اصول کے اہم ستون تھے، رہبر معظم
علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ مرحوم نے طویل عرصہ حوزہ علمیہ قم میں تدریس اور تحقیق کے ذریعے ایسے ممتاز علماء اور مجتہدین کی تربیت کی جو آج مختلف میدانوں میں دین کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ بالخصوص جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل کے بیان اور سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے فروغ میں ان کی خدمات تاریخِ تشیع کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رحلت سے عالمِ تشیع ایک عظیم علمی سرمائے سے محروم ہو گیا ہے، تاہم ان کے علمی آثار اور خدمات ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ پیغام کے اختتام پر علامہ عارف واحدی نے مرحوم کے بلندیٔ درجات، شفاعتِ سیدہ زہرا (س) اور ائمہ طاہرین علیہم السلام کے ساتھ محشور ہونے کی دعا کی۔







