ابو حسین الحمیداوی کی جنرل اسماعیل قاآنی، ہادی العامری اور فالح الفیاض سے ملاقات، جرف النصر کی صورتحال پر تبادلہ خیال
جنرل اسماعیل قاآنی
شیعیت نیوز : کتائب حزب اللہ عراق کے سیکرٹری جنرل ابو حسین الحمیداوی نے قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی، بدر تنظیم کے سیکرٹری جنرل ہادی العامری اور حشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض سے اہم ملاقات کی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں جرف النصر کے بحران اور وہاں کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اس نشست کے نتائج کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی وفد کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل سے ملاقات، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ
یہ اہم ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عراقی حکومت نے ایک باضابطہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے حکم پر جرف النصر کے علاقے میں ایک مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول ہیڈکوارٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ عراقی حکومت کے مطابق اس ہیڈکوارٹر میں عراقی فوج کی ایک بریگیڈ، وفاقی پولیس کی ایک بریگیڈ اور حشد الشعبی کے دو بریگیڈ شامل ہوں گے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ کمانڈ ہیڈکوارٹر علاقے کے تمام متعلقہ سکیورٹی یونٹس کی کمان اور نگرانی کی ذمہ داری سنبھالے گا۔






