صیہونی جارحیت میں بلدیہ کی 85 فیصد مشینری تباہ ہو چکی، ترجمان غزہ بلدیہ
شیعیت نیوز : غزہ بلدیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں بلدیہ کی 135 بھاری مشینیں اور آلات، جو اس کے مجموعی مشینی بیڑے کا تقریباً 85 فیصد ہیں، تباہ ہو چکے ہیں، جس سے بارشوں اور سردی کے موسم میں شہریوں کی مدد کی صلاحیت براہ راست متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل شدید بارشوں کی پہلی لہر کے دوران ہزاروں خیموں کو نقصان پہنچا یا وہ تیز ہواؤں سے اکھڑ گئے اور بارش کا پانی خیموں اور رہائشی مراکز میں داخل ہو گیا۔ غاصب صیہونی حکومت اب بھی محاصرے کے تحت امداد، اشیا اور بنیادی ضروریات کے سامان کی آمد پر سخت پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں 70 ہزار خیمے ڈوب گئے، ساڑھے تین لاکھ افراد متاثر ہوئے
ترجمان کے مطابق غزہ شہر کا بنیادی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہو چکا ہے اور پانی، سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کے ساتھ سڑکوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جبکہ ایندھن، اسپیئر پارٹس اور پمپوں کی قلت ہنگامی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ غزہ کی پٹی میں 6 کروڑ 80 لاکھ ٹن ملبے کا انبار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ کی بنیادی ترجیح شہریوں اور بے گھر افراد کی جانوں کا تحفظ ہے، جس کے لیے لکڑی کے مکانات اور پیش ساختہ رہائشی یونٹس جیسی عارضی پناہ گاہیں، بھاری مشینری، ایندھن اور نکاسی آب کے نظام کی مرمت کا سامان فوری طور پر درکار ہے، کیونکہ خیمے نہ گرمی میں تحفظ دیتے ہیں اور نہ ہی سردی اور بارش میں۔







