مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت

17 نومبر, 2026 17:47

شیعیت نیوز : عالم تشیع کے بزرگ مرجع تقلید، فقیہ اہل بیت علیہم السلام اور حوزہ ہائے علمیہ کے ممتاز استاد آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی 105 برس کی عمر میں رحلت فرما گئے۔ ان کے دفتر نے اس سانحے پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظمؑ، حوزہ ہائے علمیہ اور تمام شیعیان جہان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اعلان کے مطابق بدھ 18 نومبر کو صبح 9 بجے قم المقدسہ کی مسجد فاطمیہ سے جلوس جنازہ برآمد ہوگا، جو حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا تک جائے گا۔ قم میں تشییع کے بعد جسد خاکی مشہد مقدس منتقل کیا جائے گا، جہاں جمعرات کو تشییع کے بعد انہیں حرم امام رضا علیہ السلام کے جوار میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی صحت یاب ہوکر اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے

آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی 21 مارچ 1921 کو نیشاپور میں پیدا ہوئے، ابتدائی دینی تعلیم مشہد مقدس میں حاصل کی اور بعد ازاں نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی کے ممتاز شاگردوں میں شمار ہوئے۔ انہوں نے تقریباً سات دہائیوں تک قم میں تدریس کے ذریعے بڑی تعداد میں علماء کی تربیت کی اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی ترویج میں نمایاں کردار ادا کیا۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں تعلیم و تربیت اور وعظ و ارشاد کے میدان میں مرحوم کی بے مثال خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی اور دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جبکہ نجف اشرف کے حوزہ علمیہ اور دیگر مراجع عظام تقلید نے بھی تعزیتی پیغامات جاری کیے ہیں۔

8:11 شام نومبر 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔